یوتھیوں نے خانہ خدا میں بدتہذیبی کی نئی تاریخ رقم کردی

مسجد نبوی میں زیارت کے لیے موجود وزیراعظم شہباز شریف اور حکومتی وفد کے دیگر اراکین کے خلاف نعرے بازی اور بدتمیزی کے واقعے نے خانہ خدا میں بد تہذیبی کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جس کا ذمہ دار عمران خان اور ان کی تحریک انصاف کو قرار دیا جا رہا ہے۔ سعودی حکام نے تصدیق کی ہے کہ مسجد نبوی میں شہباز اور ان کے وفد کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے گروہ کی قیادت تحریک انصاف برطانیہ چیپٹر کے سربراہ جہانگیر عرف چیکو کر رہے تھے جو کہ عمران کے دور حکومت میں ان کے مشیر بھی تھے۔

چیکو یہ واردات ڈالنے کے لیے اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ دو روز پہلے ہی سعودی عرب پہنچے تھے۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق چیکو سمیت بارہ یوتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں اس افسوسناک واقعے کی بڑے پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ 28 اپریل کی شام مسجدِ نبوی کا احاطہ تب ’چور، چور‘ کے نعروں سے گونج اٹھا جب شہباز شریف اور انکی اتحادی حکومت کے وزرا وہاں موجود تھے۔ اس افسوسناک واقعے کی ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہ زین بگٹی اور مریم نواز کے خلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

حسب توقع تحریک انصاف کے رہنماؤں اور حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی تائید کی لیکن دوسری جانب لوگوں کی اکثریت اس کی مذمت کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنے سیاسی مخالفین کی نفرت میں کم از کم خانہ خدا کا تقدس پامال نہیں کیا جانا چاہئے تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد نبوی میں حکومتی وفد کے اراکین کو گھیر کر انکے خلاف شدید نعرہ بازی کی جا رہی ہے۔نعرے لگانے والوں نے طوفان بدتمیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وفد میں شامل مریم اورنگ زیب اور دیگر خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی اور نعرہ بازی کیساتھ ساتھ ان کی ویڈیوز بھی بناتے رہے۔ یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو عقل اور شعور رکھنے والے پاکستانیوں نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے، اس میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب اطلاعات ہیں کہ سعودی حکام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ عمران خان کے دوست صاحبزادہ جہانگیر عرف چیکو کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر پی ٹی آئی کراچی کے آفیشل اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں سعودی سکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ شاہ زین بگٹی اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی آمد کو دیکھا جا سکتا ہے جبکہ پیچھے لوگ نعرے بازی کر رہے ہیں اور ویڈیوز بنا رہے ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ لکھا گیا کہ ’یہ جہاں جائیں گے انہیں پاکستانی عوام کے غم و غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘ مریم اورنگزیب نے اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کسی سیاسی جماعت یا رہنما کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ مقدس زمین کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتیں مگر معاشرے میں جس بدتمیزی اور رویے کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص گروپ نے مسجد میں ایسا کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان کے لیڈر نے انہیں بدتمیزی کے سوا کچھ نہیں سکھایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شخص کا نام اس پاک زمین پر نہیں لینا چاہتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے درود شریف پڑھی ہے اور اس گروہ کے لیے ہدایت کی دعا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں میں بھی جذبہ ہے لیکن انہیں ہدایت دی گئی تھی کہ مکہ مدینہ اور مسجد نبوی کے احاطے میں مخالفین کی دیکھا دیکھی کوئی بدتمیزی نہ کریں کیونکہ ہمیں مسجد نبوی کی اہمیت اور پاکیزگی کا خیال ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمن نے بھی مسجد نبوی میں نعرے بازی پر مذمتی پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اسے ’حرم کی توہین‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے علما پر زور دیا کہ نماز جمعہ کے خطبوں میں اس عمل کی مذمت کریں۔ مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سعودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسجد کا تقدس پامال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایک کارکن مراد خان نے بھی مدینہ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ نعرے بازی مسجد کے اندر نہیں بلکہ مسجد کے باہر ایک کمپاؤنڈ میں ہوئی تھی۔ان کا اصرار تھا کہ مسجد کا تقدس پامال نہیں ہوا۔ پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ مدینہ اور دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی منتخب حکومت اور وزیراعظم کو نکالنے کی امریکی سازش پر غصہ ہیں۔ ان کے بقول اس غصے کا اظہار کرنے والے سب پی ٹی آئی کے کارکن نہیں بلکہ ملک کو ’لوٹنے والوں‘ پر غصہ ہونے والے پاکستانی ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کوئی شک نہیں مسجد کا احترام سب پر لازم ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ پاکستانی دفتر خارجہ نے مریم اورنگزیب اور شہباز شریف کو پاکستان سے روانگی سے پہلے ہی وارننگ دے دی تھی کہ آپ کے خلاف نعرے بازی ہو گی کیوں کہ عوام میں غصہ ہے اور وہ ان سے دور ہی رہیں۔ یاد رہے کہ مسجد نبوی میں ہونے والے واقعے سے دو روز پہلے شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آپ دیکھئے گا جب یہ لوگ مسجد نبوی پہنچیں گے تو ان کے ساتھ کیا ہوگا۔

سماجی کارکن عمار علی جان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قائد اعظم کے مزار پر سیاسی نعرے بازی پر مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کو گرفتار کروایا تھا اور اب مسجد نبوی میں سیاسی نعرے بازی پر جشن منا رہی ہے۔ سابق سفارت کار حسین حقانی نے کہا کہ جب کچھ سال پہلے ایرانی انتہاپسندوں نے جج کے دوران سیاسی نعرے بازی کی تھی تو سعودی حکام نے سخت کارروائی کی تھی، اور اب مسجد نبوی میں پاکستانیوں کی جانب سے نعرے بازی پر بھی کارروئی ’یقینی ہے۔‘

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو 9 اپریل کو تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد وہ شہر شہر سیاسی جلسے کر کے اپنی برطرفی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ موصوف نے امپورٹڈ حکومت نامنظور کا نعرہ لگاتے ہوئے یہ الزام عائد کیا ہے کہ انہیں ایک امریکی سازش کے نتیجے میں اقتدار سے بے دخل کیا گیا۔ لیکن دوسری جانب موصوف فوج کو مخاطب کر کے یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ مجھے نکالنے والوں سے غلطی ہوئی ہے جس کو درست کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ فوری نئے الیکشن کروا دیے جائیں۔ تاہم عسکری قیادت کی جانب سے یہ سازشی بیانیہ مسترد کیے جانے کے باوجود سابق وزیر اعظم اپنے حامیوں کو جوش دلانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے احتجاجاً پارلیمنٹ سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے۔

نیازی صاحب عدالت کےبعدجیل کادروازہ بھی کھلےگا

حکومت ختم ہونے کے بعد سے عمران خان نے انتہائی جارحانہ مزاج اپنایا ہے اور جلسے جلوس اور سوشل میڈیا پر سابق وزیر اعظم اور ان کی جماعت کے عہدے دار اور حمایتیوں کی بیان بازی بظاہر پاکستانی معاشرے پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ جب سے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی ہے اس کے بعد سے پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تیزی سے ایسے واقعات شیئر کیے گئے ہیں جس میں یہ واضح ہے کہ معاشرہ کس قدر گہری تقسیم کا شکار ہو چکا ہے اور اس بنا پر خاندان اور دوستوں میں عمران خان کے حامی اور ان پر تنقید کرنے والوں کے درمیان لکیر کھینچ دی گئی ہے۔

youth made a new history of rudeness in the house of God video

Back to top button