آئینی ترامیم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے : علی امین گنڈاپور
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم جمہوریت پرحملہ ہے،کسی صورت کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔
وزیراعلی علی امین گنڈاپور کاکہنا تھاکہ خود کو جمہوری پارٹیاں کہنےوالوں نے بل لانےکا سوچا بھی کیسے، ہم ان کو کبھی کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔
علی امین گنڈاپور نےکہا کہ ہم عدلیہ کےساتھ کھڑےہیں،اس طرح کا بل پاس ہونادور کی بات،کسی کی پیش کرنے کی بھی جرات نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ سینئر رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھاکہ حکومت نے کسی کے کہنے پر آئینی ترمیم لانے کی کوشش کی تھی۔ آئینی ترمیم لانے کاکہنے والوں کی جانب سے ہی حکومت سے کہاگيا تھاکہ وہ نمبر ارینج کرلیں گے۔سینیٹر علی ظفر نےکہا کہ آئینی ترمیم لانے کاکہنے والوں کی جانب سے ہی حکومت سے کہاگيا تھاکہ وہ نمبر ارینج کرلیں گے۔لہٰذا حکومت نے کسی کے کہنے پر فیصلہ کرلیا کہ راتوں رات پارلیمنٹ کا اجلاس بلا کر آئینی ترامیم منظور کروالیں گے۔
اس حوالے سے رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کاکہنا تھا کیا اپوزیشن کوئی اس ملک کی دشمن ہے، ہم کہتےہیں کہ آپ ترامیم لائیں پہلےیہاں ایوان میں ڈسکس تو کریں،اس طرح سےچوری چھپے رات کےاندھیرے میں قانون سازی پارلیمنٹ کےمنہ پر دھبہ ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئین میں 26ویں ترمیم کےحوالے سے اتفاق رائے نہ ہونےاور حکومت کو درکار دو تہائی اکثریت حاصل نہ ہونےپر قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا، جہاں کئی دن کی کوششوں کےباوجود بھی آئینی پیکج پر اپوزیشن بالخصوص مولانا فضل الرحمٰن کو منانے میں ناکامی کے بعد ترمیم کی منظوری غیر معینہ مدت تک مؤخر کردی گئی۔