بھارت کا ائیر ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ

بھارت میں طیارہ حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات کے درمیان ایک اور افسوسناک سانحہ پیش آیا ہے۔ ریاست جھارکھنڈ کے ضلع چترا میں ایک ائیر ایمبولینس طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ چھوٹا بیچ کرافٹ سی 90 ائیر ایمبولینس طیارہ رانچی سے نئی دہلی جا رہا تھا کہ چترا کے قریب ایک جنگلاتی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارہ گرنے کے بعد جائے حادثہ سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔
بھارت کا ایک اور تیجس لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا
حکام نے بتایا کہ طیارے میں مجموعی طور پر 7 افراد سوار تھے، جن میں ایک مریض، ایک ڈاکٹر، ایک طبی معاون، دو دیگر عملے کے ارکان اور دو پائلٹ شامل تھے۔
ریسکیو اداروں کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تمام ساتوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔ متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
