توشہ خانہ ریفرنس؛ آصف زرداری احتساب عدالت میں پیش

توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری ذاتی حیثیت میں پیش ہوگئے ہیں، ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ پہلے حاضری سے استثنی یا وڈیو لنک سے حاضری کی درخواست پر دلائل دیں گے، اگر عدالت نے درخواست مسترد کردی تو پھر آصف زرداری عدالت پیش ہوں گے۔ تاہم عدالت نے سابق صدر کی دونوں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور عدالت کی کاروائی ملتوی کردی گئی عدالتی عملے نے وکیل فاروق نائیک کو پیغام پہنچایا کہ معززعدالت نے آپ کی درخواستیں مسترد کردی ہیں لہٰذا آصف علی زرداری کو بلالیا جائے جس کے بعد فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کو فون کال کرکے کہا کہ عدالت پیش ہونے کےلیے آجائیں سابق صدر کے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے بعد عدالتی کاروائی دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔
آصف علی زرداری نے اپنے وکیل کے ذریعے 12 اگست کو عدالت حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں پیشی کے بجائے وڈیو لنک کے ذریعے حاضری کی استدعا کی گئی تھی۔ توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے آغاز پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور رحمان ملک پہلے کمرہ عدالت میں پہنچے جب کہ سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی کیس کی سماعت کر رہے ہیں عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے پولیس نے فرحت اللہ بابر، نوابزدہ افتخار، سردار لطیف کھوسہ اورڈاکٹر فوزیہ سومرو کو روک دیا ہے اور آگے احاطہ عدالت میں جانے کی اجازت نہیں دی۔ بلاول بھٹو زرداری کو رحمان ملک کے ساتھ عدالت میں جانے دیا گیا تاہم پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ہمایوں خان اور دیگر راہنماﺅں کو عدالت کے باہر روک دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت میں پیشی سے قبل پارٹی کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو نے بھی شرکت کی۔
قانونی ٹیم نے اجلاس میں نیب کیسز سے متعلق سابق صدر کو بریفنگ دی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز لائرزفورم اور پارٹی کے سینئر راہنماﺅں کو عدالت پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کورونا کے باعث کارکنان کوعدالت پہنچنے سے روک دیا گیا ہے دوسری طرف نیب راولپنڈی نے سیکورٹی انتظامات بڑھانے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کو خط لکھ رکھا ہے۔
نیب کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے ریکارڈ کے مطابق آصف زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملی تھیں آصف زرداری نے یہ گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں اورگاڑیوں کی15 فیصد ادائی جعلی اکاﺅنٹس کے ذریعے کی۔ احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب) کی استدعا پر توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ( ن) کے تاحیات قائد نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر چکی ہے نیب کے مطابق ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ دو، چار، سات اور بارہ کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button