جمیکا ٹیسٹ ، ویسٹ نڈیز ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی

پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن اپ 150 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ۔ کنگسٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل جاری ہے۔
کپتان کریگ بریتھ ویٹ 4، کیرن پاول 5، روسٹن چیز 10 اور الزاری جوزف 4 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جرمائین بلیک ووڈ 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور کائل ملرز کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ جوشوا ڈی سلوا 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی نے 6، محمد عباس نے 3 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کردی تھی۔ پاکستان کے ابتدائی 3 بلے باز صرف 2 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے تھے۔عابد علی اور عمران بٹ ایک ایک جب کہ اظہر علی صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان بابراعظم اور فواد عالم نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔
فواد عالم نے ایک بار پھر اپنی سلیکشن درست ثابت کرتے ہوئے کیریئر کی پانچویں سنچری اسکور کی اور وہ 124 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان بابراعظم 75، محمد رضوان 31، فہیم اشرف 26، شاہین آفریدی 19 اور حسن علی 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمر روچ اور جیڈن سیلز نے 3،3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جب کہ جیسن ہولڈر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے ویسٹ انڈیز نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کررکھی ہے۔