دیامر بھاشام ڈیم کے مزدوروں کو محفوظ ماحول کی یقین دہانی

دیامر بھاشا ڈیم کی بروقت تکمیل کے لیے فوج کی جانب سے ڈیم کے مزدوروں اور ٹھیکیداروں کو محفوظ ماحول کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے۔
کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اورواپڈا چیئرمین (ر) لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین نے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے کثیر المقاصد ڈیم کا دورہ کیا ۔ واپڈا کے جنرل منیجر (ر) شعیب تقی ، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے جنرل منیجر محمد یوسف راؤ اور کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندوں نے ترقیاتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔
دیامر بھاشا ڈیم پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بیک وقت 8 مختلف مقامات پر تعمیراتی کام کیا جا رہا ہے، ان میں سڑکیں، مرکزی ڈیم کے بہاؤ کے نیچے دریائے سندھ کے پار مستقل رسائی کا پل، 21 میگاواٹ کا تانگیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، اوپر سے ڈیم کی کھدائی، ڈائیورژن ٹنل، ڈائیورژن کینال، ڈائیورژن انلیٹ اور بجلی کی کھپت شامل ہے۔
چیئرمین واپڈا اور کمانڈر 10 کور نے تعمیراتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ، ڈیم کا منصوبہ دریائے سندھ پر چلاس شہر سے 40 کلومیٹر ڈاؤن اسٹریم اور تربیلا ڈیم کی 180 کلومیٹر اپ سٹریم پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ زراعت کے لیے پانی مہیا کریگا ، ڈیم سیلاب کی روک تھام میں کردار ادا کرنے کے ساتھ اور سستی بجلی پیدا کرنے میںاہم کردار ادا کرے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا کہ یہ بھاشا ڈیم ملکی معیشت کو مضبوط کرنے ، غربت کے خاتمے سے قوم کی تقدیر بدل دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پروجیکٹ پہلے ہی مقامی لوگوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے ۔