آئینی مسودہ کابینہ سے منظوری کے بعد سینیٹ میں آ جائے گا : عرفان صدیقی
مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ آئینی مسودہ تیار ہے، وفاقی کابینہ سے منظوری کےبعد سینیٹ میں پیش کردیا جائے گا۔
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ آئینی مسودہ تیار ہے، کابینہ نے منظور کرنا ہے، کل کابینہ کا اجلاس تھوڑی دیر کےلیے ہوا تھا، کابینہ سےمنظور ہو جائےتو سینیٹ میں آجائے گا۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ وسیع تر اتفاق رائےکی کوششیں ہورہی ہیں، تیرہویں ترمیم کےبعد روایت رہی کہ آئینی ترمیم تمام سیاسی جماعتوں کی اتفاق رائےسے ہو۔
رہنما مسلم لیگ ن عرفان صدیقی کا کہناتھا کہ میرا خیال ہےکہ اتفاق رائے کی آخری کوششیں ہورہی ہیں، تھوڑی دیر تک تمام صورت حال واضح ہوجائے گی۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمٰن کے اتفاقِ رائے سےاوریجنل مسودے میں ترمیم کی گئی ہے، مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بارے میں نہ صرف ہم بلکہ پی ٹی آئی خود بھی کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتی۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز مجوزہ آئینی ترمیمی بل کےمسودے پر اتفاق رائے تک پہنچنے کے حکومتی دعوے کے برعکس پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن نے اپنے ارکان اسمبلی کو ہراساں کیےجانے پر احتجاج جاری رکھا تھا،اپوزیشن نے واضح طور پر کہا تھاکہ وہ موجودہ حالات میں اس بل کےحق میں کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔
آئینی ترامیم : نمبر پورے ہیں لیکن اتفاق رائے کی کوشش کر رہے ہیں، خواجہ آصف
گزشتہ روز قومی اسمبلی کا اہم اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا تھا، جس میں جمعیت علمائے اسلام ف کےارکان اسمبلی نے سخت تقریریں کیں اور آئینی ترمیم کے معاملے پر ’زبردستی‘ ووٹ نہ دینےکا اعلان کیا تھا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتےہوئے رہنما جے یو آئی (ف) مولانا عبدالغفور حیدری نے خبردار کیاتھا کہ اگر حکومت نے آئینی ترامیم کے ووٹ کےلیے ’غیر جمہوری‘ رویہ جاری رکھا تو وہ عوام کو سڑکوں پر لے آئیں گے۔
عبدالغفور حیدری نےکہا تھا کہ ایک طرف تو مفاہمت کی باتیں ہورہی ہیں اور دوسری طرف اپوزیشن ارکان کو اغوا کیا جارہا ہے۔