9مئی کےملزمان کوسزائیں،پی ٹی آئی کااپیلیں دائرکرنےکااعلان
فوجی عدالتوں سے9 مئی کےمزید ملزمان کو سزاؤں پرچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے اپیلیں دائرکرنےکااعلان کردیا۔
فوجی عدالتوں سے9 مئی کےمزید 60 ملزمان کو دی جانےوالی سزاؤں پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نےکہا کہ ان سزاؤں کیخلاف اپیلیں دائر ہوں گی۔ہمارا مطالبہ ہے کہ 9 مئی اور26 نومبر کےواقعات پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے جب کہ سپریم کورٹ کوچاہیے کہ ملٹری ٹرائل سے متعلق کیس کا جلد فیصلےکرے۔
چیئرمین تحریک انصاف نےمزید کہا کہ ان سزاؤں کےخلاف اپیلیں دائر کریں گے جب کہ انفرادی طور پربھی ان سزاؤں کےخلاف اپیلیں دائرہوں گی۔
واضح رہے ملٹری کورٹ نےآج سانحہ9 مئی میں ملوث مزید 60 ملزمان کو سزائیں سنا دیں اور حسان نیازی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
واضح رہے کہ ملٹری کورٹ نے سانحہ 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث مزید 60 مجرمان کو سزائیں سنا دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سانحہ 9 مئی میں ملوث مزید مجرمان کو سزائیں سنائی گئی ہیں، مزید 60 مجرمان کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سزائیں سنائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے تمام شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد سزائیں سنائیں، مجرموں کو قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سزائیں سنائی گئیں، قوم حکومت اور افواج انصاف اور ریاست کی ناقابل تسخیر رٹ برقرار رکھنے کے عزم میں ثابت قدم ہیں۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس حملے میں ملوث حسان خان نیازی ولد حفیظ اللہ نیازی کو 10 سال قید بامشقت سزا سنائی گئی ہے۔
میاں عباد فاروق ولد امانت علی کو 2 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی جبکہ رئیس احمد ولد شفیع اللہ کو 6 سال قید بامشقت، ارزم جنید ولد جنید رزاق کو 6 سال قید بامشقت، علی رضا ولد غلام مصطفی کو 6 سال قید بامشقت، راجہ دانش ولد راجہ عبدالوحید کو 4 سال قید بامشقت اور سید حسن شاہ ولد آصف حسین شاہ کو 9 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔