صائم ایوب دوبارہ ٹی 20 کرکٹ کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین پلیئرز رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں قومی کرکٹر صائم ایوب ایک بار پھر ٹی 20 کرکٹ کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔
رینکنگ کے مطابق بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی میں 135 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں ایک درجہ ترقی حاصل کی اور اب وہ نمبر ون روہت شرما سے صرف 32 پوائنٹس کے فاصلے پر ہیں۔ ون ڈے رینکنگ میں روہت شرما بدستور پہلے، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل دوسرے اور افغانستان کے ابراہیم زدران تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی 20 میں پاکستان کے صائم ایوب نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی سیریز فائنل میں 36 رنز اور ایک اہم وکٹ کی مدد سے آل راؤنڈ کارکردگی دکھا کر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ صائم ایوب 294 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے اور سکندر رضا سے پہلی پوزیشن چھین لی، جبکہ محمد نواز ٹی20 آل راؤنڈر رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
باؤلنگ رینکنگ میں پاکستان کے ابرار احمد 4 درجے ترقی کرتے ہوئے ٹی20 باؤلرز رینکنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ محمد نواز 11ویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے مارکو یانسن ٹیسٹ بولرز میں پانچویں اور آل راؤنڈرز میں دوسرے نمبر پر آئے، جبکہ سائمن ہارمر نے 13 درجے ترقی کر کے 11ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔
