صدرمملکت کی چینی ہم منصب سے ملاقات،مفاہمتی یاداشت پردستخط

صدرمملکت آصف علی زرداری کی چینی ہم منصب سے ملاقات،دونوں ممالک کے مابین مفاہمت کی یاداشتوں پردستخط کئےگئے۔

 چین کے سرکاری دورے پر موجود صدر مملکت آصف علی زرداری بیجنگ میں عظیم ہال پہنچے، جہاں چینی صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔صدر آصف علی زرداری کی عظیم عوامی ہال آمد کے موقع پر مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، جبکہ دونوں ممالک کے صدور نے اپنے وفود کا تعارف کروایا۔

بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہت کی یاد داشوں پر دستخط کیے گئے، جس میں صدر مملکت آصف زرداری اور چینی ہم منصب شی جن پنگ بھی موجود رہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کی یاد داشت پر دستخط ہوئے۔اسی طرح پاک-چین صنعت، تجارت، اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔پاکستان اور چین صحت، میڈیا، توانائی، سماجی، اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائے گا۔

صدر مملکت کا کہنا تھاکہ ہم پہلے چین کے اتحادی ہیں پھر کسی اور کے اتحادی ہیں کیونکہ چین اور ہماری سرحدیں آپس میں ملتی ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ چین پاکستان کی سرحدیں ایک جبکہ باقیوں کی ہزاروں کلومیٹردور ہیں لہٰذا یہ کہنا کہ پڑوسی سے زیادہ ہمارے قریب کوئی اور ہے غلط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین کی مثالی ترقی اورخوشحالی چینی قیادت کے وژن اورعوام کی فعالیت کا مظہر ہے۔

 چینی صدر شی جن پنگ نے بھی پاکستان سے تعلق پرگہرے اعتماد کا اظہار کیا اور کہاکہ چین اور پاکستان فولادی دوست اور ہرموسم کے اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں، سی پیک کی تعمیر اورمختلف شعبوں میں تعاون دوطرفہ تعلقات کی اعلیٰ مثال ہے۔

وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

 چینی صدر نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا اور عشائیے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی صدر شی جی پنگ سے خصوصی گفتگو کی۔

وزیر داخلہ نے چینی صدر کو چینی شہریوں کی سکیورٹی اور دہشت گردی کے خلاف مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ صدر زرداری کی چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے بھی ملاقات ہوئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ‏صدر پاکستان آصف علی زرداری 5 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کے ہمراہ نائب وزیر اعظم ووزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر بھی پہنچے تھے۔

 صدر مملکت سرکاری دورے کے دوران بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی جائے گی، اس دوران معاشی اور تجارتی تعاون کے فروغ سمیت سی پیک کے موجودہ اور آئندہ منصوبوں پربات چیت کی جائے گی۔اس کے علاوہ انسدادِ دہشت گردی، سیکیورٹی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے امور پربھی تبادلہ خیال ہوگا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری چینی حکومت کی خصوصی دعوت پر 9ویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

Back to top button