طلاق کی تردید کے لیے عامر لیاقت نے ویڈیو جاری کردی

پی ٹی آئی کے رنگیلے رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان عامر لیاقت نے اپنی دوسری بیوی سیدہ طوبیٰ کے ساتھ باقاعدہ طلاق کی افواہ کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں نہ صرف اہلیہ کو اپنے گھر میں دکھایا ہے بلکہ علیحدگی سے متعلق خبروں کی بھی پروزو تردید کی ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے کئی روز سے عامر لیاقت کی دوسری اہلیہ سیدہ طوبیٰ کی جانب سے اپنے نام کے ساتھ عامر لیاقت کا نام ہٹا کر والد کا نام دوبارہ لگانے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ عامر اور طوبیٰ کی علیحدگی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی۔ جب یہ افواہیں حد سے زیادہ بڑھ گئیں تو عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر طوبیٰ کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ عامر لیاقت کے ساتھ ان ہی کے گھر میں موجود ہیں اور اپنی کھوئی ہوئی بلی ڈھونڈنے پر رو روکر عامر لیاقت کا شکریہ ادا کررہی ہیں۔
عامر لیاقت نے اس ویڈیو کے ساتھ اپنی اور سیدہ طوبیٰ کی طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ’’یہ اب بھی میری بیوی ہے‘‘۔ عامر لیاقت نے سیدہ طوبیٰ کے سوشل میڈیا پران کا نام ہٹاکر دوبارہ اپنے والد کا نام لگانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کئی خواتین شادی کے بعد اپنے نام کے ساتھ لگا والد کا نام ہٹا کر اپنے شوہر کا نام لگا لیتی ہیں۔ میں خوش ہوں کہ طوبیٰ نے میرے نظریے کو اپنایا اور میرے ہی کہنے پر اپنے نام کے ساتھ دوبارہ اپنے والد کا نام لگالیا۔ اس کےساتھ ہی عامر لیاقت نے طوبیٰ کے آنے والے پروجیکٹ کے بارے میں بھی بتایا کہ وہ ان کے دوست بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری کے ساتھ کام کررہی ہیں اور وہ ان دونوں کے لیے بہت خوش ہیں اور دونوں کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سیدہ طوبیٰ نے چند روز قبل اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنے نام کے ساتھ عامر لیاقت کا نام تبدیل کرکے دوبارہ والد کا نام لگالیا تھا جس کے بعد ان کا نام تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ’’سیدہ طوبیٰ عامر‘‘ کی جگہ ’’سیدہ طوبیٰ انور‘‘ لکھا ہوا نظر آرہا ہے۔اس کے علاوہ سیدہ طوبیٰ نے انسٹاگرام سے عامر لیاقت کی ساری تصاویر بھی ہٹادی تھیں۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ عامر اور ان کی دوسری اہلیہ کے مابین شوبز کے معاملات کو لے کر اختلافات پیدا ہوئے تھے جو اب دور ہو گئے ہیں۔ اب جکد ہی شہروز سبزواری اور سیدہ طوبیٰ انور نئے ڈرامے ’یہ عشق سمجھ نہ آئے‘ میں اسکرین پر ساتھ نظر آئیں گے۔
اپنے آنے والے ڈرامے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے طوبیٰ نے بتایا کہ شہروز سبزواری بہت اچھے معاون اور ساتھی اداکار ہیں‘۔طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ میں پرسکون ہوں اور وہ مجھے بہت سپورٹ کرتے ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر ہماری آن اسکرین کیمسٹری کو پسند کر رہے ہیں۔ وہ ڈرامے میں نمرہ نامی لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ایک امیر گھرانے سے ہے اور محبت کی خاطر بڑا قدم اٹھا لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں نمرہ کو ایک متحرک اور طاقتور شخصیت کی حامل لڑکی دکھایا گیا ہے۔ اگرچہ انہوں نے اس چینل کا نام ظاہر نہیں جس پر یہ ڈراما نشر ہوگا تاہم انہوں نے کہا کہ ڈرامے کے ڈائریکٹر جاسم عباس ہیں اور مصنف منیم مجید ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان دنوں ڈرامے کی شوٹنگ اسلام آباد میں ہو رہی ہے۔
طوبیٰ انور نے کہا کہ یہ مکمل طور پر ایک مختلف ڈراما ہوگا، ہم انتہائی خوبصورت مقامات پر شوٹنگ کر رہے ہیں جنہیں عام طور پر شوٹنگ کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اس لیے ڈرامے کے مناظر دیکھنے والوں کے لیے اپنے آپ میں ایک تجربہ ہوں گے۔ طوبیٰ نے کہا کہ ایک مختلف شہر میں ایک نئی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے میں نروس ہوئی لیکن ٹیم اور کام کا ماحول بہت اچھا رہا۔انہوں نے کہا کہ سیٹ پر کام کی لگن اتنی اچھی ہے کہ آپ کو کام کرنے میں اور بھی زیادہ مزا آتا ہے۔ادکارہ کے مطابق ڈرامے کی ٹیم کم عمر اور ان کے ساتھ کام کرنا بہت آسان ہے۔
یاد رہے کہ طوبیٰ انور نے گزشتہ برس سلمان سعید اور زباب رانا کے ساتھ ڈراما سیریل ’بھڑاس‘ سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔