مشتعل ہجوم نے تشدد کر کے غیرملکی مار ڈالا ، نعش نذر آتش

مشتعل ہجوم نے سیالکوٹ میں ایک غیرملکی کو تشدد کر کے قتل کر دیا جبکہ اس کی نعش کو نذر آتش کر دیا گیا ، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، واقعہ سیالکوٹ کے وزیرآباد روڈ پر پیش آیا اطلاعات کے مطابق قتل ہونے والا مبینہ طور پر نجی فیکٹری کا منیجر تھا جس کو ورکرز نے تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا۔

ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعہ میں ملوث 50 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ وزیراعظم نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

ڈی پی او سیالکوٹ عمر سعید ملک نے بتایا کہ مقتول کی شناخت پریانتھ کمارا کے نام سے ہوئی جو سری لنکن شہری تھا ۔ سوشل وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے وقوع پر سیکڑوں افراد موجود ہیں جوکہ نعرے بازی کر رہے ہیں۔
نعش جلنے کے دوران زیادہ تر افراد اپنے موبائل فون پر ویڈیوز بناتے نظر آئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے ’انتہائی افسوسناک واقعہ‘ قرار دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش کے بعد تفصیلات میڈیا کساتھ شیئر کرینگے۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی سے رپورٹ طلب کر کے اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا اور ہدایت کی قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں 2010 میں بھی ایک ایسا واقعہ پیش آیا تھا جب پولیس کی موجودگی میں 2 نو عمر بھائیوں کو ڈاکو قرار دے کر تشدد کر کے قتل کردیا گیا تھا۔

Back to top button