نومبر میں بالی ووڈ کی کونسی ٹاپ فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں؟

دیوالی کے سرد موسم میں بھارتیوں کی اکثریت شام سینما میں گزارنا پسند کرتی ہے، شاید اسی لیے دیوالی کے موقع پر زیادہ فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں، سلمان خان کی ’’ٹائیگر تھری‘‘ سے لے کر کنگنا رناوت کی ’’ایمرجنسی‘‘ تک ایک درجن سے زائد فلمیں رواں ماہ سینیما گھروں کی زینت بنیں گی۔سلمان خان کی ٹائیگر سیریز کی نئی فلم ’’ٹائیگر تھری‘‘ دیوالی پر ریلیز ہو رہی ہے جس کو 100 کروڑ کلب میں شامل ہونیوالی فلم قرار دیا جا رہا ہے، اس فلم سے سلو بھائی کے ہچکولے کھاتے کیریئر کے سنبھلنے کا بھی خدشہ ہے، خدا خیر کرے، سسپینس تھرلر کے ساتھ ساتھ فلم میں محبت کا تڑکہ بھی لگایا گیا ہے جہاں ٹائیگر اور زویا کی پریم کہانی آگے بڑھتی ہے۔فلم کی ایک خاص بات ’عاشق بنایا‘ جیسے گانوں کی عکس بندی سے شہرت پانے والے عمران ہاشمی کی بطور سپر ولن انٹری ہے۔کنگنا ہوں اور کسی آڑھے ترچھے راستے پر نہ چلیں یہ کیسے ممکن ہے، کنگنا کی متنازع سمجھی جانے والی فلم 24 نومبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس کے بعد واضح ہو گا کنگنا نے لوگوں کو کیا دیا اور بدلے میں لوگوں کا ردعمل کیسا رہا۔اس فہرست میں کھچڑی نامی فلم کے دوسرے سکوئیل کی فلم کھچڑی ٹو بھی ریلیز ہونے جا رہی ہے، یہ ایک گجراتی خاندان کی کہانی ہے جو ہر جگہ اپنی انوکھی حرکات و سکنات سے اپنے لیے مسائل کھڑے کر لیتا ہے تاہم اس دوران ناظرین ہنستے ہنستے دُہرے ہو جاتے ہیں، کھچڑی ٹو میں اس گجراتی خاندان کو ایک مشن سونپا گیا ہے کہ وہ دشمن ملک کی قید میں پھنسے ایک سائنس دان کو چھڑوا کر واپس اپنے ملک لے آئے۔اگر آپ ’’فرے‘‘ کے لفظ سے پریشان ہو رہے ہیں تو فلم کا ٹریلر دیکھ لیجیے، معلوم ہو جائے گا اس کا مطلب وہی ہے جسے ہم دیسی زبان میں بُوٹی یا نقل کہتے ہیں، سکالرشپ پر ایک ایلیٹ سکول میں داخلہ لینے کے بعد ایک یتیم لڑکی چند امیر زادوں کو نقل کروانے کے وسیع جال کا حصہ بن جاتی ہے، ایک ایسی مشکل جو بعد میں اس کے حلق کا کانٹا ثابت ہوتی ہے، ایسا لگتا ہے یہ فلم ایلیٹ کلچر، بچوں میں پیسہ کمانے کی دوڑ اور تعلیم جیسے موضوعات کو عمدگی سے پیش کرنے میں کامیاب رہی ہے، اس کا ٹریلیر بہت جاندار ہے۔

Back to top button