ورزش کے ذریعے چھوٹےقد میں اضافہ کیسے کیا جائے؟

انسان کا قد اس کی شخصیت کا ایک اہم حصہ ہوتا ہے۔ قد چھوٹا ہو تو پوری شخصیت کا تاثر ہی بدل جاتا ہے۔ قد بڑھانے کا بہترین اور کارآمد طریقہ صحیح ورزش اور متوازن غذا ہے۔ ورزش کرنے سے پٹھے کھنچتے اور مضبوط ہوتے ہیں جب کہ صحیح غذا کے استعمال سے وہ ہارمونز نشوونما پاتے ہیں جو قد میں اضافے کا کردار ادا کرتے ہیں۔ یوں تو قد کا اصل تعلق جینیاتی بناوٹ سے ہوتا ہے لیکن اگر جسم کو مناسب غذا نہ ملے یا ورزش نہ کی جائے تو بھی قد چھوٹا رہ جانے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ آئیے آپ کو قد بڑھانے کی چند بہترین ورزشیں بتاتے ہیں۔
کشش ثقل قد پر اثر انداز ہوکر جوڑوں اور ریڑھ کی ہڈی کو سکیڑ دیتی ہے۔ لٹکنے سے اس اثر کو کم کیا جاسکتا ہے۔ کسی راڈ یا درخت کی شاخ کو پکڑ کر لٹکنے سے جسم کا نچلا حصہ ریڑھ کی ہڈی کو کھینچتا ہے۔ اس عمل سے قد میں ایک سے دو انچ تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ البتہ اس کا اثر فوراً ظاہر ہونا شروع نہیں ہوتا۔ آپ کو ایسی جگہ لٹکنا چاہیے جہاں پر آپ کے جسم کو آگے پیچھے حرکت کرنے کی جگہ ملے۔
خشکی پر تیرنے کی ورزش سے پشت کے نچلے حصے پر زور پڑتا ہے۔ اس ورزش کےلیے سب سے پہلے پیٹ کے بل لیٹ جائیں۔ اپنے بازوؤں کو موڑ کر ہتھیلیوں کا رخ زمین کی جانب کریں۔ پھر بائیں بازو کو دائیں بازو سے اونچا کریں۔ ٹانگوں کوسیدھا رکھتے ہوئے دائیں ٹانگ کو جس حد تک ہوسکے ہوا میں اٹھائیں۔ اسی پوزیشن میں 4 سیکنڈز تک رہیں پھر اپنے دوسرے بازو اور ٹانگ کے ساتھ یہی عمل دہرائیں۔ اس پریکٹس کو 4 سیکنڈز سے بڑھا کر 20سیکنڈز تک لے جانے کی کوشش کریں۔ یہ ورزش نہ صرف قد بڑھانے میں معاون ثابت ہوتی ہے بلکہ اس سے جسم بھی شیپ میں آ جاتا ہے
کوبرا اسٹریچ ورزش سے ریڑھ کی ہڈی مضبوط ہوتی ہے۔ اس سے پٹھوں میں لچک پیدا ہوتی ہے، اس ورزش کیلئے منہ زمین کی طرف کرکے لیٹ جائیں۔ ہتھیلیاں بھی زمین پر رکھ دیں۔ اب ہتھیلیوں کی مدد سے اپنی کمر کو اٹھائیں۔ ٹھوڑی اور منہ کو سامنے کی طرف رکھیں۔ ٹانگوں کو نہ ہلائیں۔ کمر اور ریڑھ کی ہڈی کو جتنا پیچھے کی طرف کھینچ سکتے ہیں کھینچیں۔ اسی طرح 5سے 30 سیکنڈز تک رہیں پھر جسم کو پہلے والی پوزیشن پر لے آئیں۔ اس عمل کو 3 سے 4 بار دہرائیں۔ یہ ورزش بھی قد بڑھانے کیلئے مفید تصور کی جاتی ہے۔
ٹوئسٹ کئی اقسام کے ہوسکتے ہیں۔ سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ کمر کے بل لیٹ جائیں۔گھٹنوں کو موڑ لیں اور پاؤں کو زمین پر رکھ دیں۔ اب بائیں گھٹنے کو دائیں ہاتھ سے پکڑ کر دونوں گھٹنوں کو دائیں طرف کھینچیں اور اسی طرح دائیں گھٹنے کو بائیں طرف سے پکڑ کر بائیں جانب کھینچیں۔ ماہرین قد بڑھانے کیلئے اس ورزش کو بھی بہترین مانتے ہیں
پیلوس شفٹ ایک بے حد آسان و رزش ہے جس سے جسم میں کھینچاؤ پیدا ہوتا ہے۔ قد لمبا کرنے میں یہ ورزش کافی کارآمد ہے۔ اس سے جسم بھی شیپ میں آتا ہے۔ اس ورزش کیلئے کمر کے بل زمین پر لیٹ جائیں۔ بازوؤں اور کندھوں کو زمین پر سیدھا رکھ دیں پھر اپنے پیروں کو کولہے کے قریب لے کر جائیں۔ اپنی کمر کو موڑ کر کولہے اٹھائیں اور اوپر کی طرف لے کر جائیں۔ اس پوزیشن میں 20سے 30سیکنڈز تک رہیں۔ اس سے جسم میں لچک بھی پیدا ہوگی اور قد میں بھی اضافہ ہوگا۔