پی ٹی آئی ڈی چوک احتجاج : اسلام آباد جانے والے راستے بند، موبائل سروس بھی معطل

پی ٹی آئی نے آج ہر صورت ڈی چوک اسلام آباد پر احتجاج کا اعلان کررکھا ہے جب کہ مقامی انتظامیہ نے کسی بھی نقص امن کے خدشے کے پیش نظر جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، پولیس عوام کی جان و مال کےتحفظ کےلیے ہر وقت مصروف عمل ہے،شہریوں سے گزارش ہے وہ کسی غیر قانونی عمل کاحصہ نہ بنیں۔

اسلام آباد پولیس کےترجمان کا کہناہے کہ امن وامان میں خلل ڈالنے والوں کےخلاف قانون حرکت میں آئےگا،سفر میں راستوں کی بندش کےپیش نظر ٹریفک ایڈوائزری مدنظر رکھیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروسز معطل ہے اور سیکورٹی ہائی الرٹ ہے،جڑواں شہروں کو ملانےوالے تمام راستےبند کردیے گئے ہیں اور فیض آباد پل پر ڈبل لیئر کنٹینرز رکھ دیے گئےہیں جب کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی مختلف مقامات پر سیل کردیا گیا ہے۔

آئی جے پی ڈبل روڈ بھی ٹریفک کےلیے بند کردی گئی ہے اور راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ کی طرف آنے والے راستے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

راولپنڈی اسلام آباد کو ملانےوالے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہے، شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کاکہنا ہے کہ امن میں خلل ڈالنےوالوں سے نمٹنے کےلیے خصوصی دستےتعینات ہیں، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانےوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہو گی،سی سی ٹی وی کیمروں سے شر پسندوں کی شناخت کی جائے گی اور امن میں خلل ڈالنے والوں کےساتھ سختی سےنمٹیں گے۔

ڈی چوک اسلام آباد پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا او پولیس نے ڈی چوک سےتین افراد کو گرفتار کرلیا، زیر حراست افراد میں دو عام شہری اور ایک تحریک انصاف کا کارکن ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا  ہےکہ مجھ سے ابھی تک کسی نے احتجاج ملتوی کرنے کےلیے رابطہ نہیں کیا،مجھ سے کسی کو بھی رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔علی امین گنڈا پور نےکہا کہ میرا اختیار عمران خان کے پاس ہے، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہےوہ جو حکم دیں گے اس پر عمل کروں گا، ہرصورت ڈی چوک پہنچنےکی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہاکہ ہمارا پر امن احتجاج ہے،تشدد کیاگیا تو ذمہ دار تشدد کرنےوالے ہوں گے، پر امن ہیں اور ہماری تیاری مکمل ہے،ہر صورت ڈی چوک جائیں گے،اکیلا بھی رہ گیا تو بھی جاؤں گا۔

لاہور میں دفعہ 144 لگانے کا اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج

Back to top button