غیرجمہوری اورسلیکٹڈ شخص کو فارغ کردیں گے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری حملہ کرکے غیرجمہوری اور سلیکٹڈ شخص کو فارغ کر دینگے، اور انتخابی اصلاحات کرکے صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے۔
لاہورمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انکاکہنا تھا کہ اس جھوٹے وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، نوکریاں دینے کے بجائے جن کے پاس روزگار موجود تھا ان سے بھی روزگار چھین لیا، اسٹیل مل کے ملازمین کو زبردستی بے روزگار کیا ہے، جن 16ہزار ملازمین کو بے نظیر بھٹو نے روزگار دیا تھا انہوں نے وہ بھی چھین لیا جس پر ہم نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے اس عمل کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا، ہم اپوزیشن میں ہو کر روزگار دیتے ہیں اور یہ حکومت میں ہو کر روزگار چھینتے ہیں.
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر سب سے بڑا دھوکا اس ملک کے نوجوانوں کو دیا گیا، ہر وعدہ دھوکا اور ہر نعرہ جھوٹا نکلا، ہر موقع پر یوٹرن لیا، نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں اور ہم ملک بھر میں ایک نصاب کے بجائیے ایک ایسا جدید نصاب لائیں گے جو پاکستان کے نوجوان کو دنیا میں تعلیمی مقابلے کے لیے تیار کر سکے۔
انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کو کاٹنے اورکمزورکرنے کی جو سازش ہوئی یہ صرف پیپلز پارٹی کے خلاف نہیں تھی بلکہ یہ سازش آپ کے خلاف بھی تھی، یہ سازش پنجاب اور وفاق کے خلاف تھی، یہ جمہوریت کے خلاف سازش تھی۔ہمارا لاہور سے نسلوں کا ساتھ ہے، ان موجودہ حکمرانوں کو بھی لندن بھاگ جانا ہے لیکن میں آپ کے ساتھ رہوں گا، آپ کے ساتھ پر مشکل کا مقابلہ کروں گا۔یہ تو میری شروعات ہے، ابھی تو مجھے بہت لمبی اننگز کھیلنی ہے لیکن میں لاہور والوں پر ثابت کروں گا کہ میں آپ کو نہیں چھوڑ سکتا کیونکہ پیپلز پارٹی نے جو اس شہر کے عوام کے لیے کیا ہے اس کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔
عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا آپ سازشیں کرنے والوں پر دھیان مت دیں، ایک مرتبہ پیپلز پارٹی کو موقع دیں اور ہم آپ کو دکھائیں گے کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے اور معیشت کی ترقی کا بندوبست کیسے کیا جاتا ہے۔

Back to top button