عمران کی نااہلی کی درخواستوں پراسلام آباد ،پشاورہائیکورٹس میں کل سماعت

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کیلئے دائردرخواستوں پراسلام آبا د اورپشاور ہائیکورٹس میں کل سماعت ہوگی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے بعد اب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو پشاورہائی کورٹ اپیلیٹ الیکشن ٹریبونل میں بھی چیلنج کردیا گیا جس کی سماعت کل پیر کو پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس اعجاز انور کریں گے۔
شہری علی حیدرکی جانب سے دائردرخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے لی گئی اشیا کی قیمت اور ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا، عمران خان نے جہلم میں القدر ٹرسٹ کے لیے لی گئی زمین بھی ٹیکس کاغذات میں ظاہر نہیں کی جب کہ عمران خان القدر ٹرسٹ کے رکن ہیں۔

دائر درخواست کے مطابق عمران خان کے خلاف 2014ء سے مختلف کیسز زیرالتوا ہیں، عمران خان پر فارن فنڈنگ کے کیسز بھی ہیں، عمران خان صادق اور امین نہیں رہے اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔

قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامرفاروق کل دائر درخواست پر سماعت کریں گے۔ اسلام آباد کے ایک شہری نےعمران خان کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےکاغذات نامزدگی میں معلومات چھپائیں، اور انہوں نے اپنی بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا۔

Back to top button