راناثنانےبجٹ کےبعدوزیراعظم کی تبدیلی کی خبروں کی تردیدکردی

وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے بجٹ کے بعد وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق سامنے آنے والی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ ایسی افواہیں پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ ایسا کوئی معاملہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس وقت بہترین انداز میں ملک کو آگے لے کر جا رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کو جس عزت اور وقار کا مقام حاصل ہوا ہے، ایسے موقع پر اس نوعیت کی بحث صرف ملک دشمن عناصر ہی کرتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی ہے، جبکہ جب وہ خود اپوزیشن میں تھے تو ان کے خلاف مقدمات قائم کیے جا رہے تھے۔
