قوم کو حقیقی آزادی دلانے تک سڑکوں پر رہوں گا

تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ حقیقی آزادی دلوانے تک سڑکوں پر رہوں گا، اس وقت ملک پر کرپٹ ٹولہ مسلط ہے، جس معاشرے میں امیر اور غریب کیلئے الگ قانون ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا آج میرے ملک میں مہم چل پڑی ہے، مہم کا مقصد ہےکہ میری قوم کو حقیقی طور پر آزاد نہ ہونے دو، میرا ایک ہی مقصد ہےکہ قوم حقیقی طور پر آزاد ہوجائے، جو آج ملک کے ساتھ ہورہا ہے مجھے عوام کی فکر ہے، قوم کو حقیقی آزادی دلانے تک سڑکوں پر رہوں گا۔

انہوں نے کہا نواز شریف کو اس لیے نکالا گیا کیونکہ وہ کرپشن میں ملوث تھا، کیا میں نے ملک کا پیسہ چوری کیا یا فیکٹریاں بنائیں کہ عہدے سے ہٹایا گیا، رجیم چینج اس لیے ہوئی کہ میں امریکا کی نوکری نہیں کرنا چاہتا تھا، میں پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی بنانے جارہا تھا، میں نہیں چاہتا تھا کہ امریکا کی جنگ میں ہمارے لوگ قربانی دیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا 17سال بعد سب سے بہتر معاشی ترقی کرنے والی حکومت کو گرایا گیا، ہمیں روس سے 30 سے 40 فیصد کم قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل ملنے والا تھا، روس سے کم قیمت پرتیل ملتا ہے تو قوم کو کیوں سستا پیٹرول نہ دوں؟۔

عمران خان نےکہا ہمارے زمانے میں 18 روپے بجلی کا یونٹ تھا ہم نے 5 روپے سبسڈی بھی دلوائی، آج بجلی کا یونٹ 36 روپے کا ہوچکا ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے انڈسٹری کو بہت نقصان ہوا،25 مئی کو دہشت پھیلانے کے لئے ہم پر ظلم کیا گیا، 17 جولائی کو دھاندلی کے باوجود پنجاب میں ان کوشکست دی، ملک کو دلدل سے نکالنے کا راستہ شفاف الیکشن ہے۔

Back to top button