بجٹ، وفاق کو گرانٹ عمران خان کے ساتھ ملاقات سے مشروط : خیبرپختونخوا حکومت

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کا خسارے کا بجٹ پیش کیا گیا ہے،وفاق کو کوئی گرانٹ نہیں دی جائے گی،بجٹ میں گرانٹ ان ایڈ عمران خان کے ساتھ ملاقات سے مشروط ہے۔
پشاور میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفر کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شفیع جان کاکہنا تھاکہ وفاق سے زیادہ لوگوں کو خیبرپختونخوا کے بجٹ کا انتظار تھا،صوبے کا بجٹ تاریخی ہے۔
وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہاکہ پہلے 3 مہینے کا بجٹ پیش کرنےکا ارادہ تھا، جس میں قانونی پیچیدگیاں آرہی تھیں۔خسارے کا بجٹ پیش کیا گیا ہے،وفاق کو کوئی گرانٹ نہیں دی جائے گی،گرانٹ عمران خان کے ساتھ ملاقات سے مشروط ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ جب تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی ہم کٹوتی نہیں کرنے دیں گے۔
شفیق جان نے کہا کہ 7 ماہ سے عمران خان سے فیملی کی ملاقات نہیں ہوئی،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی عمران خان سے ملاقات کروائی جائے۔
اس موقع پر مشیر خزانہ مزمل اسلم کاکہنا تھاکہ وزیراعلیٰ نے وفاق سے کہاکہ ہمیں عمران خان سے مشورے کا موقع دیاجائے۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھاکہ چاروں صوبے پیسے دیں گے جب کہ ایسا نہیں،پی ایس ڈی پی کا ازسر نو جائزہ اور دیگر چیزیں ایجنڈے میں شامل تھے۔نیشنل اکنامک کونسل متعلقہ فورم نہیں،لیگل فورم صرف این ایف سی ہے، 5 ہزار 260 ارب روپے ایف بی آر جمع کرے گا تو وہ صوبوں میں بانٹا جائےگا،وفاق صوبوں کے پیسے نہیں کاٹ سکتا،وفاقی بجٹ سے صوبائی بجٹ اہم ہوتا ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ 6 ماہ میں این ایف سی ہوگا، وہ ہمارے پیسوں پر کٹ نہیں لگاسکتے،اس کےلیے ترمیم کرنی ہوگی۔
مزمل اسلم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے باعث عام آدمی متاثر ہوتا ہے،عام آدمی کی پوزیشن کو نارمل کرنے کےلیے صوبائی بجٹ ہوتا ہے،ضم اضلاع کے بجٹ میں 121 ارب کا خسارہ ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ میرا چوتھا بجٹ ہے، اس بجٹ کےبعد کوئی احتجاج نہیں ہوا، ہم نے بجٹ سے پہلے سب سےمشاورت کی،تاثر دیا جارہا ہے کہ سرپلس کے بجٹ کو خسارے کے بجٹ میں تبدیل کیاگیا۔180 ارب میں سے وفاق نے صرف 95 ارب دیے،بجٹ کا بڑا حصہ تنخواہوں میں چلا جاتا ہے،تعلیم،صحت اور پولیس کو سب سے زیادہ بجٹ مختص کیاگیا۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ سال بھی ہم نے ٹیکس نہیں لگایا تھا اس سال بھی کم کیا ہے،ہم نے چیزیں آسان کی ہیں،ڈیجیٹل پیمنٹ میں خیبرپختونخوا سب سے پیچھے تھا۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ میں ہماری تنخواہوں کا حصہ 58 فیصد ہے،صحت کارڈ کےلیے 125 ارب روپے دیے ہیں،اس بار پولیس پروکیورمنٹ کےلیے ساڑھے 14 ارب رکھے ہیں،بی آر ٹی کےلیے 6 ارب روپے رکھےگئے ہیں۔
مزمل اسلم نے کہا کہ بیرون ملک جانےوالے ذہین بچوں کو سود سے پاک قرضہ دیا جائےگا،ان ذہین بچوں کےلیے 20 ارب روپے رکھےگئے ہیں۔پورے پشاور کےلیے پبلک فری وائی فائے دیا جائے گا،فری وائی فائے کےلیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بجٹ میں سمت واضح کردی، معاشی شرح نمو بڑھے گی : وزیر خزانہ
مشیر خزانہ کے مطابق ہم نے کم سے کم اجرت 45 ہزار روپے کی ہے،نجی شعبے بھی اس پر عمل کریں گے۔
