اے سی سی اجلاس: آج ڈھاکا میں ایشیا کپ کے مستقبل پر اہم فیصلوں کا امکان

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اہم اجلاس آج ڈھاکا میں چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کے دوران ایشیا کپ کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت اور سری لنکا کے نمائندے اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے، جس کے باعث یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ بھارت اے سی سی میں تنہا ہوتا جا رہا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ایشیا کپ ستمبر میں اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق منعقد ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا سالانہ اجلاس میں آن لائن شرکت کریں گے، جبکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شمی ڈی سلوا بیماری کے باعث اجلاس میں جسمانی طور پر شریک نہیں ہو سکیں گے اور وہ بھی آن لائن شریک ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کرکٹ تعاون بڑھانے کا اعلان، بنگلہ دیشی ایمپائرز کو ٹریننگ کی پیشکش
ذرائع کے مطابق افغانستان اور عمان کے نمائندے اجلاس میں شرکت کریں گے، اور افغانستان بورڈ کا وفد گزشتہ شب ڈھاکا پہنچ چکا ہے۔
اگرچہ ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے، لیکن متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے تاحال غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
