اداکارہ ریما خان پرکروڑوں کے فراڈ کا الزام لگ گیا

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان پر ایک بارپھر فراڈ کاالزام لگ گیا۔
معروف اداکارہ ریما خان پر قطر میں ملازمت کرنیوالےشخص شاہد رفیق کی جانب سے فراڈ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
شاہد رفیق نےدعویٰ کیا ہے کہ انہوں نےریما خان کی فلم ’لو میں گم‘ میں سرمایہ کاری کی تھی تاہم ان کے ساتھ ریما کی جانب سے کروڑوں کا فراڈ کیا گیا۔
شاہد رفیق کے مطابق2009 میں وہ قطر سے لاہور واپس آئے تاکہ پراپرٹی خرید سکیں۔ اس دوران ان کی ملاقات ریما خان کی بہن، مائرہ خان سے ہوئی، جو ریئل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ تھیں۔ مائرہ نے انہیں فلم میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا اور منافع کی یقین دہانی کرائی جس پر وہ رضامند ہوگئے۔
شاہد کا کہنا ہے کہ مائرہ نے ان کی ریما خان سے ملاقات بھی کروائی، جس کے بعد شاہد نے پیسے منتقل کیے۔ تاہم مائرہ نے انہیں پلاٹس فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے مزید رقم کا مطالبہ کیا۔
مذکورہ شخص نے بتایا کہ ریما نے انہیں ملائیشیا بلایا، جہاں فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ شاہد رفیق کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلم مکمل کروائی لیکن مزید پیسے مانگنے پر انہوں نے اپنی رقم واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
شاہد رفیق کے مطابق ریما نے ان سے ایک معاہدہ کیا لیکن رقم واپس نہیں کی۔
شاہد کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس تمام ثبوت ہیں اور ریما پر کیس دائر کر رکھا ہے، تاہم ریما عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں اور گزشتہ چار سال سے مقدمہ التوا کا شکار ہے۔
