علی امین گنڈاپور نے عمران خان کے طبی معائنے کےلیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عمران خان کے طبی معائنے کےلیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور عمران خان کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں پنجاب حکومت،آئی جی جیل خانہ جات، جیل ہسپتال اور شوکت خانم ہسپتال کو فریق نامزد کیا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان کی عمر 72 برس ہے اور ان کا معمول کا طبی معائنہ ناگزیر ہے۔جیل میں قید کے دوران ان کا وزن کم ہوا ہے اور مختلف امراض میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کی طبی ہسٹری شوکت خانم ہسپتال کے پاس موجود ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہےکہ شوکت خانم کی طبی ٹیم کو ماہانہ بنیاد پر معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کرنےکی اجازت دی جائے۔ ساتھ ہی ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو عمران خان تک رسائی دینے کا حکم دیا جائے۔

ہم جب چاہیں خیبرپختوخوا میں عدم اعتماد لاسکتے ہیں : فیصل کریم کنڈی

درخواست کے مطابق ہر ماہ کے معائنے اور ٹیسٹ کی رپورٹس عدالت میں جمع کرائی جائیں اور عمران خان کے اہلخانہ کو فراہم کی جائیں۔

Back to top button