ملک بھر میں بارشوں اورسیلاب کا ایک اور الرٹ جاری

این ڈی ایم اےنے 23 تا 30 اگست ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع جیسے راولپنڈی، اٹک، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، سیالکوٹ، گجرات اور حافظ آباد میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گانچھے اور شگر میں بھی بارشیں ہوں گی، جہاں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
سندھ میں 27 سے 30 اگست کے دوران کراچی سمیت ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، حیدرآباد، جامشورو، نوابشاہ، دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیر آباد میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں بھی 27 سے 30 اگست تک لسبیلہ، خضدار، آواران، قلات، گوادر، تربت، کیچ، پنجگور، کوئٹہ، زیارت، ژوب، لورالائی، بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالاباغ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ دریائے راوی اور چناب کے اطراف میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔
