خیبرپختونخوا میں ایک اورپولیوکیس رپورٹ،تعداد24تک پہنچ گئی

جنوبی خیبرپختونخوا میں ایک نیا کیس رپورٹ ،رواں برس کے دوران ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 24 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں واقع نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پیر کو ضلع ٹانک کی یونین کونسل پنگ اے سے تعلق رکھنے والی 20 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تشخیص کی تصدیق کی ہے۔
متاثرہ بچی کا تعلق بیتنی قبیلے سے ہے اور وہ تحصیل جنڈولہ میں رہائش پذیر ہے، جو کہ سیکیورٹی کے لحاظ سے نہایت حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق بچی کی کوئی سفری تاریخ موجود نہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس اب بھی مقامی سطح پر گردش کر رہا ہے، تاہم وائرس کے جینیاتی تجزیے کی رپورٹ ابھی باقی ہے۔
یہ کیس رواں سال جنوبی خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہونے والا 14واں کیس ہے، صوبائی اعداد و شمار کے مطابق اب تک 2025 میں 16 کیس خیبرپختونخوا، 6 سندھ، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔
