ملک میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، مجموعی تعداد 42 تک جاپہنچی
خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں برس ملک میں پولیو سے متاثر بچوں کی مجموعی تعداد 42 تک جا پہنچی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں انسداد پولیو کےلیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہےکہ خیبرپختونخوا کےضلع نوشہرہ میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون رپورٹ ہوا ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھاکہ پولیو جیسے موذی مرض سے یوسی گندھیری کی رہائشی ایک 29 ماہ کی بچی متاثر ہوئی ہے،یہ نوشہرہ سے پولیو کا پہلا اور ملک بھرکا 42 واں کیس ہے۔
ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے عہدیدار کے مطابق اب تک بلوچستان سے 21،سندھ سے 12،خیبرپختونخوا سے 7 اور پنجاب اور اسلام آباد سے ایک،ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
حکام کی جانب سے بچوں سے حاصل کیے گئے نمونوں کی جینیاتی ترتیب کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں پولیو کے قطرے پلانےکی مہم 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری ہے،جس کا مقصد پانچ سال سےکم عمر کے ساڑھے چار کروڑ سےزائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاناہے۔
واضح رہےکہ ملک بھر میں پولیو کیسز میں اضافہ ہورہا ہے،دوسری جانب گزشتہ روز خیبرپختونخوا کےضلع اورکزئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا گیا تھا،جس کےنتیجے میں 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ جوابی فائرنگ سے 3 دہشت گردوب کو ہلاک کردیا گیا۔
ادھر کوہاٹ تھانہ ملز ایریا کی حدود میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو ٹیم حفاظت پر مامور پولیس پر فائرنگ کردی تھی،تاہم پولیس کے جوانوں نے کوئیک رسپانس کر کے حملہ ناکام بنادیا تھا۔
ڈینگی، چکن گونیا اور ملیریا کے کیسز میں اضافہ
دوسری جانب گزشتہ روز سکیورٹی خدشات پر 6 اضلاع میں پولیو مہم ملتوی کردی گئی تھی۔
حکام نےبتایا تھا کہ ضلع کرم،جنوبی وزیرستان، اپر،لوئر وزیرستان، بنوں اور شمالی وزیرستان میں پولیو مہم ملتوی کی گئی ہے،مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی کلیئرنس کے بعد مہم دوبارہ شروع کی جائےگی۔