باکوکی طرزپرجدیدخدمت سینٹرزقائم کریں گے،وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا ہے باکوکےآسان خدمت پروگرام جدید سہولیات سے لیس ہے،اسی طرز کےسینٹرز پاکستان میں بھی قائم کریں گے۔
وزیر اعظم نےباکو مین ’آسان خدمت مرکز‘ کا دورہ کیا،نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی ان کے ساتھ تھے۔
وزیراعظم کا کا آسان خدمت کے مرکز کے دورے پر کہنا تھا کہ ہم نے خدمت مرکز کا دورہ کیا، جو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔
شہبازشریف نے خدمت سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ اور مرکز کی تعریف کرتے ہوئے اسے آذربائیجان کے صدرالہام علیوف کی نظریاتی سوچ کا عکاس قرار دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہاں خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔خدمت سینٹر جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، میں نے آج تک سماجی بہبود کا اس قدر جدید ادارہ کبھی نہیں دیکھا جس کا سہرا آذربائیجان کے صدر کے سر ہے۔
شہبازشریف کا آذربائیجان کے صدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں ان کے نظریات اور قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں۔گو کہ پاکستان میں بھی انسانی خدمت کے کئی مراکز ہیں، تاہم میں چاہوں گا کہ ہمارے یہاں بھی اس طرز کے سینٹرز قائم ہوں۔
دریں اثنا شہباز شریف ازبکستان کے 2 روزہ دورے پر تاشقند پہنچ گئے۔شہباز شریف کا ازبک وزیراعظم، وزیرخارجہ اور میئر تاشقند نے استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ازبک صدر شوکت مرزا یوف سے ملاقات کریں گے اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون پرگفتگو ہوگی۔
شہباز شریف اور ازبک صدر باہمی دلچسپی، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، اس کے علاوہ پاکستان اور ازبکستان میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔وزیراعظم شہبازشریف تاشقند میں یادگار آزادی کا دورہ کریں گے۔
