فلم”سردارجی تھری“پرپابندی سے بھارت کاہی نقصان ہوگا،جاویداختر

بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر نے پنجابی فلم سردار جی تھری کی بھارت میں نمائش پر پابندی کے حوالے کہا ہے کہ فیصلے سے پاکستان نہیں بلکہ بھارت مالی نقصان اٹھائے گا۔

جاوید اختر حال ہی میں ’این ڈی ٹی وی‘ کے پروگرام کریئیٹرز منچ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے فلم پر پابندی کے معاملے پر کھل کر بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کافی عرصہ پہلے مکمل ہو چکی تھی، جب دونوں ممالک کے حالات مختلف تھے، تاہم اب حالات میں تبدیلی آ چکی ہے۔ ان کے مطابق فلم پر پابندی عائد کرنے سے فائدے کے بجائے نقصان ہوگا، اور وہ نقصان بھارت کا ہوگا، نہ کہ پاکستان کا۔

جاوید اختر نے رائے دی کہ حکومت اور سنسر بورڈ کو اس معاملے پر ہمدردی اور حقیقت پسندی کے ساتھ غور کرنا چاہیے، کیونکہ فلم پہلے ہی تیار ہو چکی ہے، لہٰذا اسے بھارت میں ریلیز کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ سردار جی تھری، جس میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، 27 جون کو بین الاقوامی سطح پر ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کو دنیا کے مختلف ممالک میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

Back to top button