بجلی بلوں سےالیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے گھریلو صارفین کیلئےبجلی کے بلوں میں الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
الیکٹریسٹی ڈیوٹی ختم کرنے کا فیصلہ جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا، جس کے بعد صوبائی حکومتیں بجلی کے بلوں کے ذریعے یہ ڈیوٹی وصول کرنے کی مجاز نہیں ہوں گی۔
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسوں اور چارجز کی بھرمار نے عوام کو شدید ذہنی الجھن میں مبتلا کر رکھا ہے، جس کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
خط میں اویس لغاری نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بجلی کے بل صرف استعمال شدہ بجلی کی قیمت پر مشتمل ہوں، نہ کہ مختلف وفاقی و صوبائی چارجز اور ڈیوٹیوں پر، جو بلوں میں غیر ضروری اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے اسے بلنگ نظام میں شفافیت لانے اور عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھی متحرک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہنگے پاور معاہدوں (آئی پی پیز) پر نظرثانی کی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری بجلی گھروں کے ریٹرن آن ایکویٹی میں کمی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ یہ سب اقدامات صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی جامع پالیسی کا حصہ ہیں۔
اویس لغاری نے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ اگر وہ اس ڈیوٹی کو کسی متبادل طریقے سے جاری رکھنا چاہتی ہیں، تو اس کے لیے الگ طریقہ کار تجویز کریں، تاکہ بجلی کے بل آسان، سادہ اور صرف بجلی کے استعمال پر مبنی ہوں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلا جواز چارجز اور مالی بوجھ کو ختم کر کے ایک شفاف، واضح اور صارف دوست بلنگ سسٹم لانے کے لیے پُرعزم ہے۔