وزیر اعظم کا ایرانی صدر سے رابطہ، امن مذاکرات پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور ایران امریکا مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے گفتگو تقریباً 45 منٹ جاری رہی۔وزیراعظم نے 11-12 اپریل کو مذاکرات کےلیے وفد بھیجنے پر صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر پزشکیان کو سعودی عرب،قطر اور ترکیے سمیت مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا اور کہاکہ پاکستان دوست ممالک کے تعاون سے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کےلیے مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کےلیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
صدر مسعود پزشکیان نے امن کی کوششوں میں پاکستان کے مضبوط عزم پر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔
