تیزبارشیں، لاہور سمیت 5 شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات میں بارش متوقع ہے۔

لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپورتھل میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی پیشگی طور پر الرٹ کردیا گیا ہے۔

سیف انور جپہ نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیات اور لائیو اسٹاک کے محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ شہریوں سے خراب موسم کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش اختیار نہ کریں۔ مون سون کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث زیادہ جانی نقصان رپورٹ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے بھی محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیا جائے۔ عوام گرج چمک اور طوفانی موسم کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے بھی گریز کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Back to top button