امریکا کا ایرانی تجارتی جہاز پر قبضہ، ایران کا جواب دینے کا اعلان

 

 

 

امریکی نیوی نے خلیج عمان میں ایک ایرانی تجارتی جہاز ’ایم وی توسکا‘ پر حملہ کرکے اسے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ایرانی فوج نے اسے ’بحری قزاقی‘ قرار دیتے ہوئے جلد جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ خلیج میں امریکی بحری ناکہ بندی کے دوران ایران کے پرچم بردار ایک تجارتی جہاز کو روک لیا گیا ہے،توسکا نامی جہاز نے رکنے کی وارننگ پر عمل نہیں کیا جس کےبعد امریکی بحریہ نے اسے تحویل میں لےلیا۔

ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ نے امریکا کی جانب سے ایران کے تجارتی بحری جہاز پر فائرنگ کو جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جلد ہی امریکی فوج کی میری ٹائم اور مسلح ڈکیتی کا جواب دے گا۔

ایران کی جوائنٹ ملٹری کمانڈ نے یہ اعلان بھی کیا ہےکہ امریکی حملے کے بعد ایرانی فورسز نے کچھ امریکی فوج کے بحری جہازوں پر ڈرون سے حملہ کیا۔

 

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے ایک ایرانی تجارتی جہاز کے خلاف کارروائی کی ویڈیو جاری کردی ہے، جس میں امریکی میرینز کو جہاز پر قبضہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ سینٹکام کےمطابق یہ جہاز اب امریکی تحویل میں ہے۔

 

قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ جہاز خلیج عمان میں روکاگیا اور ایرانی عملے نے اس انتباہ کو نظر انداز کیا جس پر ہمارے نیوی جہاز نے انجن روم میں بڑا سوراخ کردیا۔

امریکی صدر کے مطابق یہ جہاز امریکی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہے کیوں کہ اس کا پچھلا ریکارڈ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اور اب امریکی میرینز جہاز پر موجود سامان کی تفتیش کررہے ہیں۔

 

 

Back to top button