ٹرمپ دھمکیاں بندکرکے مذاکرات اورگفتگو کے آداب سیکھیں،فضل الرحمان

جے یوآئی ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان کاکہناہے کہ ٹرمپ دھمکیاں بند کرکے پہلے مذاکرات اورگفتگو کے آداب سیکھیں۔

لاہور میں جے یو آئی پنجاب کے  زیر اہتمام معروف شاعر سید سلمان گیلانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں سے لڑنے کا مطلب وطن کاچہرہ نوچنا نہیں،  پاکستان کی ثالثی دنیا کو تیسری جنگ سے بچارہی ہے، حکمرانوں کے کہنے  پر ہم  نے مہنگائی کے خلاف مظاہرے ملتوی کیے ہیں مؤخر نہیں کیے۔

انہوں نے امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہا کہ ایک جانب وہ مذکرات کر رہے ہیں تو دوسری طرف دھمکیاں بھی جاری ہیں، امریکی صدر جس طرح بولتا ہے اس طرح  تو محلےکا بدمعاش  بھی نہیں بولتا، وہ پہلے مذاکرات اورگفتگو کے آداب سیکھیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  ہمیں اپنی پالیسیاں ٹھیک کرنی ہیں، فیصلہ سازوں سے سوال ہےکہ  ہمارا اقتصادی مستقبل کیاہے؟ نظام حکومت اور اس کی اساس کو ٹھیک کرو۔

اس موقع پر  مسلم لیگ ن کے رہنما  سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ابراہیم اکارڈ تباہ ہوگیا اب کوئی بھی ملک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرےگا، غزہ کالہو نئے ورلڈ آرڈر کا عنوان بن رہا ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پہلگام  واقعےکا ملبہ پاکستان پر ڈالا گیا، پاک  فوج نے اپنے سے 5 گنا بڑی فوج کو شکست دی، پاکستان کی فوج کھڑی ہوئی تو دنیا نے اس کی طرف دیکھنا شروع کردیا۔

اس سے قبل لاہور میں ایک اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اللہ کا شکرکہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا، بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے حماقت کی، پاک فضائیہ نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، آج پاکستان پوری دنیا کی ضرورت بن گیا ہے۔

 

Back to top button