بیرسٹر گوہر کا عمران خان کا علاج شفاء انٹرنیشنل ہسپتال سے کرانے کا مطالبہ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی عمران خان کا علاج شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں ان کے ذاتی معالجین اور فیملی کی موجودگی میں مکمل چیک اپ اور علاج کے تحت کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس’’ پر کہا کہ صبح دو بجے انہیں اطلاع دی گئی کہ بانی کو پی ایم ایس اسپتال میں انجکشن لگانے کے لیے لایا گیا، تاہم انہیں پیشگی اطلاع نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ عمران خان کو فالو اپ طبی معائنے کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا جہاں ان کی آنکھ کے علاج کا اہم مرحلہ مکمل کر لیا گیا۔
بیرسٹر گوہر عمران خان رہائی فورس کی تشکیل روکنے کیلئے متحرک ہوگئے
پریس ریلیز کے مطابق عمران خان کو 24 فروری 2026 کو اڈیالہ جیل سے اسپتال لایا گیا تاکہ آنکھ کے علاج کے سلسلے میں اینٹی VEGF انٹرا وٹریل انجیکشن کی دوسری خوراک دی جا سکے۔
طبی عمل سے قبل ماہرین کے بورڈ نے تفصیلی معائنہ کیا، جس میں کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ نے ایکو کارڈیوگرافی اور ای سی جی کی جانچ کی، جن کے نتائج نارمل آئے۔ کنسلٹنٹ فزیشن نے بھی انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔
ڈاکٹرز نے باقاعدہ رضامندی کے بعد آپریشن تھیٹر میں مقررہ حفاظتی پروٹوکول اور مانیٹرنگ کے تحت، کنسلٹنٹ آپتھلمولوجسٹ کی نگرانی میں، مائیکروسکوپی گائیڈنس کے ساتھ اینٹی VEGF انجیکشن کی دوسری خوراک کامیابی سے دی۔
