چیمپئنز ٹرافی کےلیے جرسی کی رونمائی ، بھارتی ٹیم نے سینے پر پاکستان کا نام سجالیا

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کےلیے بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرٹس کی رونمائی کردی گئی۔ بھارتی ٹیم کی شرٹس پر پاکستان کا نام موجود ہے۔

چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے قبل بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا ( بی سی سی آئی ) نے بھارتی ٹیم کے فوٹو شوٹ کی تصاویر جاری کیں،جس میں ویرات کوہلی اور روہت شرما چیمپیئنز ٹرافی کےلیے نئی شرٹس میں پوز دےرہے تھے۔

ان تصاویر میں بھارتی کرکٹرز کو چیمپیئنز ٹرافی کےلیے ڈیزائن کردہ نئی شرٹس میں دیکھا جا سکتا ہے،جس پر چیمپئنز ٹرافی کی برانڈنگ سمیت پاکستان کا نام بحیثیت میزبان ملک دائیں کونے پر نقش تھا۔

واضح رہےکہ ٹورنامنٹ سے قبل ایسی اطلاعات تھیں کہ بی سی سی آئی بھارتی کرکٹ ٹیم کی شرٹس پر پاکستان کا نام لکھنےکی اجازت نہیں دےگا،تاہم، بی سی سی آئی کے نئے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نےبعد میں تصدیق کی کہ بورڈ آئی سی سی کےقوانین پر عمل کرے گا۔

خیال رہے کہ یہ حالیہ برسوں میں پہلا موقع ہےجب بھارت کی جرسی پر پاکستان کا نام درج ہواہے۔

ایشیا کپ 2023 (جس کی میزبانی پاکستان کےپاس تھی )کےموقع پر بھی بھارت نے تنازع کھڑا کرنےکی کوشش کی تھی اور پھر ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے لوگو پر میزبان ملک کا نام درج نہ کرنےکی منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی قوانین کے مطابق ٹیموں کی جرسیوں پر میزبان ملک کا نام لکھاجانا چاہیے،قطع نظر اس حقیقت سےکہ میچ کہاں ہورہے ہیں۔

چیمپئنزٹرافی میں شرکت کیلئے انگلینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی

یاد رہے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے۔چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کےدرمیان ہوگا جوکہ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائےگا جب کہ بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلےگا۔

ٹورنامنٹ کا سب سےبڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا۔

Back to top button