چیمپئنز ٹرافی: بھارت کا پاکستان آنے سے انکار، پی سی بی کا آئی سی سی کو خط

پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی طرف  سے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پرانکارکےحوالے سے پاکستانی حکومت کے سخت مؤقف سے آگاہ کردیا۔

 

ذرائع بورڈ کے مطابق حکومت نے بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی ٹھوس وجوہات بھی طلب کرلیں، خط کے متن میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ اگر دیگر ٹیمیں پاکستان آسکتی ہیں تو بھارت کو کونسا  مسئلہ ہے۔

 

پی سی بی نے خط میں یہ بھی  واضح کردیا ہے  کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، بھارت کے بغیر بھی پاکستان چیمپئنز ٹرافی کروا سکتے ہیں، بھارت کی جگہ کوئی اور ٹیم بھی بلوائی جاسکتی ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے پی سی بی سے رابطہ کیا گیا تھا اور بھارت سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز سے بھی آگاہ کیا گیا تھا جب کہ بھارتی ٹیم کے انکار کی صورت میں کسی اور ٹیم کو مدعو کرنے کی بھی تجویز پیش کی گئی تھی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کرکٹ بورڈ کوبتایا گیا ہے  کہ پاک بھارت ٹاکرا پاکستان کے بغیر ممکن نہیں ہے، منافع صرف بھارت کی وجہ سے ہی  نہیں بلکہ پاکستان کی موجودگی سےبھی ہے۔

 

حکومت  نے پاکستان کرکٹ  بورڈ کو تلقین کی ہے کہ بھارت اگر پاکستان نہیں آیا تو پاکستان آئندہ کسی آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایونٹ میں بھارت کے خلاف نہیں کھیلنے جائے گا ۔

 

انڈین ٹیم کے انکار کے بعد پاکستان کا بھی سینگ پھنسانے کا فیصلہ

 

ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پی سی بی کو تجویز پیش کی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیارہی  نہیں تو کسی اور ٹیم کوبلانے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔

 

حکومت نے بورڈ کو یہ بھی پیغام دیا کہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام کو اعتماد میں لے کر دیگر بورڈز سے بھی رابطہ کرےگا  اور بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کے لیے کام کیا جائے۔

Back to top button