شہری کو کراچی کے بجائے جدہ پہنچادیا : نجی ایئرلائن اور ایف آئی اے کو نوٹس

سندھ ہائیکورٹ نے نجی ایئرلائن کی جانب سے شہری کو لاہور سے کراچی کے بجائے غلطی سے جدہ پہنچانے کے واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایئرلائن اور ایف آئی اے امیگریشن کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔
جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے واقعے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت معزز جج نے ریمارکس دیے "لگتا ہے درخواست گزار کے ساتھ بڑی زیادتی ہوئی ہے، کیا ایئرلائن کے خلاف کسی انکوائری کا آغاز ہوا ہے؟”
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تاحال کسی انکوائری کی تفصیلات انہیں نہیں دی گئیں۔
جسٹس سانگی نے مزید ریمارکس میں کہا "لوگ اکثر کہتے ہیں کہ انہیں یہاں سے انصاف نہیں ملتا، حالانکہ ہم روزانہ 100 سے زائد مقدمات سنتے ہیں، لیکن پھر بھی یہ تاثر قائم ہے کہ انصاف فراہم نہیں ہو رہا۔”
غیرت کے نام پر قتل کا کیس: چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے نوٹس لے لیا
عدالت نے نجی ایئرلائن اور ایف آئی اے امیگریشن حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک تفصیلی جواب داخل کرنے کا حکم دیا۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ 7 جولائی 2025 کو پیش آیا، جب نجی ایئرلائن کی مبینہ غفلت کے باعث ایک مسافر کو لاہور سے کراچی کے بجائے غلطی سے جدہ روانہ کر دیا گیا۔ واقعے نے ایوی ایشن سیکیورٹی، امیگریشن اور ایئرلائن انتظامیہ کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔
