عمران خان کی پروپیگنڈا سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت، لاتعلقی کااعلان

تحریک انصاف کے بانی عمران خان کےوکیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان نے عرب ممالک سے متعلق پروپیگنڈے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کی اور لاتعلقی کااعلان کیا۔
عمران خان کے وکیل فیصل چودھری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کے مسائل پر مذاکرات کی حامی بھری ہے۔حکومت کی مذاکراتی ٹیم کی سنجیدگی پر مذاکرات کی حامی بھری۔کمیٹی کی بانی سے ملاقات نہ کرانا مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مسنگ پرسن کی تحقیقات کیلئے قاضی انور کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے، قاضی انور کی سربراہی میں کمیٹی اتوار تک اپنی رپورٹ مکمل کرے گی اور پارٹی کو بھی مسنگ پرسن معاملے پر کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عمران خان کے وکیل نےمزید کہا کہ پروپیگنڈا اکاؤنٹ سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے اہم ہدایات جاری کی ہیں، بانی نے بشریٰ بی بی، شہدا سے متعلق پروپیگنڈا والےسوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مذمت کی جبکہ عمران خان بانی نے عرب ممالک سےمتعلق پروپیگنڈے والے سوشل میڈیا اکاونٹس کی مذمت کی اور کہا ہے کہ ان اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اداروں کیخلاف بیانات اور تنقید نہ کرنے پر رضامندی ظاہرکردی۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان نے اداروں پرتنقید نہ کرنے پراتفاق کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اس حوالے سے رضامندی ظاہر کی ہے اور تنقید کا محور صرف سیاستدانوں کو بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان کو اداروں سے متعلق بیانات نہ دینےکا پیغام دیا جبکہ دیگر رہنماؤں کو بھی اداروں کیخلاف بیانات نہ دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اداروں کیخلاف بیانات دینے سے سختیاں بڑھیں گی، ہم معاملات کا حل چاہتے ہیں، عمران خان کو پیغام پہنچایا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانات سے گریز کیا جائے۔
