خیبرپختونخواحکومت ختم کرنےکی سازش ناکام ہوگی،علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ بجٹ کی منظوری میں رکاوٹ ڈال کر صوبائی حکومت کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔
صوبائی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ حکومت کیخلاف سازش بجٹ کی منظوری میں رکاوٹ ڈال کر فنانشل ایمرجنسی لگانے کے ارادے پر مبنی ہے، لیکن اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے بجٹ کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں، مگر ہمیں ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ بعض قوتیں چاہتی ہیں کہ بجٹ منظور نہ ہو تاکہ صوبے میں مالیاتی ایمرجنسی لگا کر حکومت کو تحلیل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا، "جس دن بانی پی ٹی آئی نے کہا، میں خود حکومت ختم کر دوں گا، لیکن کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دوں گا۔”
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان نے جمہوریت کی خاطر پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتیں خود تحلیل کیں، اور یہ موقف اختیار کیا کہ اگر حکومت خود ختم کرنی ہو، کریں گے، مگر بیرونی دباؤ یا سازش کو برداشت نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ "جس نے طاقت کا غلط استعمال کیا، وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اس کا احتساب نہیں ہوگا، تو وہ غلط فہمی میں ہے۔”
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب ہمیں یہ صوبہ ملا تو صرف 18 دنوں کی تنخواہیں خزانے میں موجود تھیں۔ امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب تھی، اور آج بھی خیبرپختونخوا کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں جاری ہیں، حتیٰ کہ ڈرون حملے بھی بند نہیں کیے جا رہے۔