کانسٹیبل کی شہادت،ذمہ داروں کو معاف نہیں کریں گے،محسن نقوی
وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں شہید کانسٹیبل کے ذمہ دار ملزمان کو معاف نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج میں شہید کانسٹیبل مبشر کی نماز جنازہ راولپنڈی پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی پنجاب عثمان انور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
کانسٹیبل کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جن لوگوں نے احتجاج کی کال دی ہے، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، تمام افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں گی۔آنسو گیس اور ربر بلٹ سے شرپسندی کا جواب دیا تاکہ نقصان نہ ہو۔ کانسٹیبل کی شہادت کے ذمہ داروں کیخلاف مقدمہ درج ہوگا۔گولی کا جواب گولی سے دینا جانتے ہیں۔ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ 22 ہزار کی نفری کے ساتھ اسلام آبادمیں موجود ہیں، پنجاب پولیس نے مسلح اہل کار نہیں تعینات کئے، انہوں نے کہا کہ 119 پنجاب پولیس کے اہل کار زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےہکلہ کے قریب مظاہرین کےتشدد سےشہید ہونےوالے پولیس کانسٹیبل مبشر کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی کا مظاہرین کے تشدد سے پولیس کانسٹیبل مبشر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور شہید کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی ۔
محسن نقوی کاکہنا تھا کہ کانسٹیبل مبشر نے فرض کی ادائیگی میں شہادت کا بلند رتبہ پایا۔تشدد کرنے والے مظاہرین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔
وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہید پولیس کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔شہید کانسٹیبل مبشر کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔