گورنر کی ملاقات کو سازش کہنا درست نہیں، عدم اعتماد پر کوئی مشاورت نہیں ہوئی : عرفان صدیقی

مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کو سازش قرار دینا درست تاثر نہیں، علی امین کے خلاف عدم اعتماد پر کوئی اعلیٰ سطحی تجویز زیر غور نہیں
سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد ایک آئینی اور قانونی عمل ہے اور عمران خان خود بھی اس عمل کا نشانہ بن چکے ہیں۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کو سازش قرار دینا درست تاثر نہیں، ہم کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جو خیبرپختونخوا میں بحران کا باعث بنے۔
لیگی سینیٹر نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق کوئی تجویز فی الحال کسی اعلیٰ سطح پر زیر غور نہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف کسی سازش کی ضرورت نہیں، ان کے اپنے لوگ ہی کافی ہیں : گورنر فیصل کنڈی
ان کا کہنا تھاکہ احتجاج ہر سیاسی جماعت بشمول پی ٹی آئی کا آئینی و جمہوری حق ہے، تاہم اگر احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی تو حکومت کارروائی کرے گی۔
