نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی بنگلادیش کی سیاسی جماعتوں سے اہم ملاقاتیں

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے دورۂ بنگلادیش کے دوران ڈھاکا میں مختلف سیاسی جماعتوں کے وفود سے ملاقاتیں کیں، جن میں جماعت اسلامی بنگلادیش، نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) شامل تھیں۔

یہ ملاقاتیں پاکستانی ہائی کمیشن میں ہوئیں، جہاں مختلف سیاسی و سماجی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیشنل سٹیزن پارٹی کے وفد کی قیادت پارٹی کے ممبر سیکرٹری اختر حسین نے کی، جب کہ جماعت اسلامی بنگلادیش کے وفد کی سربراہی عبداللہ محمد طاہر نے کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقاتوں میں پاک-بنگلا دیش دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کی مشکل حالات کے باوجود استقامت کو سراہا اور ان کے مؤقف کی تعریف کی۔

اس موقع پر بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کا وفد بھی پاکستانی ہائی کمیشن پہنچا، جس کی قیادت پارٹی کے سیکرٹری جنرل مراز فخرالاسلام نے کی۔ یہ ملاقاتیں دوطرفہ روابط کو عوامی و سیاسی سطح پر وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

Back to top button