خلیل قمر سے شادی پر ایشال فیاض کا موقف سامنے آگیا

نجی ٹی وی کے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر کی ان کی فلم ’’کاف کنگنا‘‘ کی ہیروئن ایشال فیاض کے ساتھ دوسری شادی کی خبریں گزشتہ کچھ روز سے زیر گردش ہیں جس کی خلیل الرحمٰن قمر پہلے ہی تردید کرچکے ہیں اور اب اداکارہ ایشال فیاض نے بھی دو ٹوک موقف دیدیا، انہوں نے کہا کہ خلیل صاحب اور میرا راشتہ صرف ایک ایکٹر اورڈائریکٹر کا تھا، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔
انہی افواہوں کے رد عمل میں اداکارہ ایشال فیاض نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں انہوں نےکہا کہ سوشل میڈیا پر میرے متعلق جو بھی خبریں چل رہی ہیں اُن میں کوئی سچائی نہیں ہے یہ سب جھوٹی ہیں۔
ایشال فیاض کا کہنا تھا کہ میری کسی کے ساتھ بھی شادی نہیں ہوئی ہے۔ میرا اور خلیل الرحمٰن قمر کا رشتہ صرف اور صرف ایک اداکارہ اور ڈائریکٹر کا ہے، اِس سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔
ایشال نے مزید کہا کہ جس کسی نے بھی یہ جھوٹی خبر پھیلائی ہے ان کو کسی نے بھی یہ حق نہیں دیا ہے کہ وہ تصدیق کیے بغیر ایسے کسی کی بھی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائے۔
اپنی شادی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی بھی ڈراموں اور فلموں میں کام کررہی ہوں اور میری جب بھی جس سے بھی شادی ہوگی سب سے پہلے آپ لوگوں کو ہی پتا چلے گا، ابھی تک میرا کسی سے بھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے میں صرف اپنے کام پر توجہ دے رہی ہوں۔
ایشال فیاض نے ویڈیو کے آخر میں کہا کہ میرا یہ ویڈیو بنانے کا مقصد صرف یہ ہے کہ لوگوں کو سچ اور جھوٹ کے بارے میں پتا چل جائے۔
یاد رہے کہ مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے بھی ایشال فیاض سے شادی کی خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔انہوں نے فیس بُک پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ان کی فلم ’کاف گنگنا‘ کی ہیروئن سے اُن کی دوسری شادی سے متعلق خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، اس طرح ہم فنکاروں کی ذاتی زندگی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانا شرم کی بات ہے، میں نے اور ایشال فیاض نےکافی پیشہ ورانہ انداز میں پروجیکٹ کو مکمل کرنے کےلیے ایک ساتھ کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ خلیل الرحمان نے فلم ’کاف کانگنا‘ کی ہدایت کاری کرنے کے ساتھ ساتھ فلم کا اسکرپٹ بھی خود لکھا تھا اور اس فلم میں اداکارہ ایشال فیاض نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button