فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکہ کی مکروہ سیاست ملوث ہے،فضل الرحمان

سربراہ جے یوآئی مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہےکہ اسلامی دنیا میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکا اور دیگر کی مکروہ سیاست ملوث ہے۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کےسربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی۔
ایرانی سفیرڈاکٹر رضاامیری نےوفدکے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سےملاقات کے موقع پران کی صحت وتندرستی کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیااورملاقات میں ایران پاکستان تعلقات،علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی سفیر نےکہا کہ فلسطین کی حمایت پرجےیوآئی کی کاوشوں اور پاکستان بھر میں شایان شان غزہ یک جہتی مظاہروں کےانعقادپرسلام پیش کرتا ہوں۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ علمائےکرام بالخصوص آپ جیسےمدبر اور حکیم سیاسی رہنما سےتبادلہ خیال اورصلاح مشورہ کوضروری سمجھتا ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے،خطےکےاہم ممالک پاکستان،ایران، ترکیہ، سعودی عرب اور ملائشیا دفاع غزہ اوراسرائیل کےخلاف ٹھوس اقدامات کریں۔
سربراہ جے یوآئی نےکہا کہ ہم نے پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش کو دفن کردیا ہے، ملاقات میں مرکزی ترجمان جے یوآئی اسلم غوری، سابق رکن قومی اسمبلی مولانا محمد قاسم، مفتی ابرار احمد بھی شریک تھے۔
مولانا فضل الرحمان نےملاقات کے بعد ایرانی میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کبھی امت مسلمہ کا خیر خواہ نہیں رہا، امریکا کو ہمیشہ اپنے مفادات عزیز ہوتےہیں اور مسلسل صہیونی اسرائیلی ریاست کی پشت پناہی کررہا ہے۔
سربراہ جے یوآئی نے کہا کہ غزہ میں قیامت ڈھا دی گئی مگر انسانی حقوق کی یہ سنگین پامالیاں امریکا کو نظر نہیں آتیں، امریکا اور سامراجی قوتیں مسلم دنیا کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کررہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکا اور دیگر کی مکروہ سیاست ملوث ہے، ایسی سیاست کو انسانیت تو نہیں کہا جاسکتا۔
