وفاقی وزیر خزانہ کا یوآن پر مبنی ’پانڈا بانڈز‘متعارف کرانے کا اعلان

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہاہے کہ یوآن پر مبنی ’پانڈا بانڈز‘ رواں سال سال ہی متعارف کرایا جائے گا۔

محمد اورنگزیب کا امریکی ٹی وی بلومبرگ کوانٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کا ’ڈی این اے‘ تبدیل کر کے اسے برآمدات پر مبنی معیشت بنانے جا رہے ہیں، یوآن پر مبنی ’پانڈا بانڈز‘ رواں سال سال ہی متعارف کرایا جائے گا، حکومت اگلے 6 سے 9 ماہ میں چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر جمع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان رواں سال یوآن پر مبنی بانڈز متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ مالی معاملات کو بہتر بنایا جا سکے جبکہ حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈکے بیل آؤٹ پروگرام کی شرائط کو پورا کرنے کے بارے میں پرامید ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےمزید بتایا کہ پاکستان 6 سے 9 ماہ میں چینی سرمایہ کاروں سے 200 سے 250 ملین ڈالر جمع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ منصوبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں تینوں کریڈٹ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی خودمختار ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

محمد اورنگ زیب نے ہانگ کانگ میں ایشین فنانشل فورم کے موقع پر کہا کہ ’ملک پانڈا بانڈز اور چینی کیپیٹل مارکیٹوں سے فائدہ اٹھانے کا بہت خواہشمند ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملک کی حیثیت سے ہمیں سب سے پہلے ان بانڈز سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

بلومبرگ کے مطابق تازہ ترین اعداد و شمار مارچ 2024 کے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ کے 300 ملین ڈالر کے ہدف سے قدرے کم ہیں تاہم محمد اورنگ زیب نے کہا کہ چائنا انٹرنیشنل کیپٹل کارپوریشن پاکستان کو پانڈا بانڈز کے اجرا کا مشورہ دے رہی ہے۔

بلومبرگ کے مطابق پاکستان کو 2 سال پہلے جب آئی ایم ایف بیل آؤٹ معاہدہ تعطل کا شکار تھا اور افراط زر اور شرح سود 20 فیصد سے اوپر تھی، کے مقابلے میں کچھ معاشی استحکام حاصل ہوا ہے ۔ حکومت پرامید ہے کہ وہ جاری 7 ارب ڈالر کے قرض کی شرائط کو پورا کر لے گی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کا وفد جو اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والا ہے، چاہتا ہے کہ پاکستان اپنی ٹیکس بیس کو وسیع کرے اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب 13.5 فیصد تک پہنچائے جو دسمبر میں 10 فیصد تھا۔

Back to top button