وفاق کاسیلاب میں جاں بحق افراد کےلواحقین کیلئےامداد کااعلان

وفاقی حکومت نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے فی کس 20،20لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے لیے قومی ریلیف اسٹاک کے تین ٹرک روانہ کر دیے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے 585 ٹن راشن عطیہ کیا، جبکہ وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز کے تعاون سے باجوڑ کو 800 کلو سے زائد ادویات فراہم کی گئیں۔
مزید بتایا گیا کہ بونیر کو ایک لاکھ 9 ہزار 515 امدادی اشیاء دی گئیں، جبکہ ایک این جی او نے متاثرین میں دو ہزار ترپالیں، 330 خیمے اور چھ ٹن خشک راشن تقسیم کیا۔
اتھارٹی کے مطابق یہ امداد سوات، بونیر، شانگلہ اور باجوڑ میں پہنچائی گئی ہے جبکہ اس سے دوگنا مزید سامان متاثرہ علاقوں کے لیے پیکنگ کے مراحل میں ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 20،20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ یہ اعلان مانسہرہ میں وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کیا اور کہا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے موجود ہیں، حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ صوبے میں حالیہ بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث 328 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
بونیر کے متاثرہ علاقوں میں مکانات تباہ ہو گئے، ملبہ اور سیلابی ریلے میں بہہ کر آنے والے بڑے پتھروں کے ڈھیر جمع ہیں، جبکہ پی ڈی ایم اے، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ، دیر اور بٹگرام میں 31 اگست تک ایمرجنسی نافذ ہے۔
