امریکہ نے بھارت کےساتھ تجارتی مذاکرات منسوخ کردیئے

امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی کشیدگی بڑھ گئی، واشنگٹن نے اگست میں طے شدہ تجارتی مذاکرات منسوخ کر دیئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی تجارتی وفد نے 25 تا 29 اگست بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا، جس کے باعث امریکا-بھارت تجارتی مذاکرات تعطل کا شکار ہوگئے۔
یاد رہے کہ روس سے تیل کی درآمد کے معاملے پر امریکا نے بھارت کو خبردار کیا تھا اور اضافی ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ تاہم نئی دہلی کی جانب سے روسی تیل کی خریداری بند کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا، جس کے بعد امریکا نے بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف نافذ کر دیا۔ اس اقدام کے بعد بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد تک پہنچ گیا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بھارت بلاواسطہ اور بالواسطہ روسی تیل درآمد کررہا ہے، اسی لیے اضافی ڈیوٹی لگانا ’’مناسب اور ضروری‘‘ تھا۔
چند روز قبل امریکی وزیر خزانہ نے بھی خبردار کیا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر ٹیرف 50 فیصد سے بھی تجاوز کرسکتے ہیں۔
