صوبوں کو 60 فیصد ٹیکس دینے سے وفاقی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، احسن اقبال نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ مالی تقسیم کا سلسلہ جاری رہا تو آئندہ چند سالوں میں ملک کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے سے گھٹ کر صرف 500 ارب روپے رہ جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت جو ٹیکس اکٹھا کرتی ہے، اس کا 60 فیصد صوبوں کو منتقل ہو جاتا ہے، جس کے باعث وفاق کے پاس بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی شدید کمی پیدا ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے ایک ہزار ارب روپے ، جبکہ مہمند ڈیم کے لیے تین سو ارب روپے درکار ہیں
لیکن موجودہ مالی صورتحال میں یہ رقوم مختص کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
احسن اقبال نے تجویز دی کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے سپرد کیا جانا چاہیے تاکہ وفاقی مالیاتی بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
صدر مملکت کا اہم فیصلہ: جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج قرار
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی اضلاع کو این ایف سی ایوارڈ میں حصہ دینے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ موجودہ مالیاتی فریم ورک پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ قومی سطح کے اہم منصوبے مالی بحران کا شکار نہ ہوں۔
