صدر مملکت کا اہم فیصلہ: جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی سنیارٹی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو عدالتِ عالیہ کا سینئر ترین جج قرار دے دیا۔

ایوانِ صدر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر نے جسٹس سرفراز ڈوگر سمیت دو دیگر ججز کے تبادلوں کو مستقل حیثیت دے دی ہے۔ یہ اقدام سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ہائیکورٹ ججز کی سنیارٹی کے تعین کا معاملہ صدر کو بھیجنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

نئی سنیارٹی لسٹ کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج ہوں گے، جسٹس خادم حسین سومرو کو نواں نمبر ، جسٹس آصف کو گیارہواں نمبر دیا گیا ہے۔

 

یاد رہے کہ 19 جون کو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے اکثریتی فیصلے (3-2) میں تین ججز کے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تبادلے کو آئینی اور قانونی قرار دیا تھا، جب کہ دیگر پانچ ججز کی جانب سے دائر درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔

بلوچستان میں زلزلے کے جھٹکے، دو مکانات مکمل تباہ

 

عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا کہ صدر کو آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت ہائی کورٹ کے ججز کو ایک عدالت سے دوسری عدالت منتقل کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

یہ اختیار آرٹیکل 175-A کے تحت ججز کی تقرری کے دائرہ اختیار سے الگ اور آئینی طور پر درست ہے۔

منتقلی کو تقرری تصور کرنا آئینی تشریح کے خلاف ہوگا۔

دوسری جانب، اسلام آباد ہائیکورٹ کے پانچ ججز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے، جس پر مزید سماعت آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔

Back to top button