غزہ اور لبنان میں اسرائیلی حملے:حماس کے بانی رہنما اور حزب اللہ کے سینئر کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے غزہ اور جنوبی لبنان میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران حماس اور حزب اللہ کے اعلیٰ سطحی رہنماؤں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں جھڑپوں کے دوران حماس کے بانی رہنماؤں میں شامل حکم محمد عیسیٰ العیسیٰ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ عیسیٰ حماس کے عسکری ونگ کے سینئر رکن، تربیتی ہیڈکوارٹر کے سابق سربراہ، اور جنرل سیکیورٹی کونسل کے رکن تھے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق وہ مبینہ طور پر 7 اکتوبر کے حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں بھی شامل تھے۔
تاہم حماس کی جانب سے تاحال اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
لبنان میں کارروائی: حزب اللہ کمانڈر کی شہادت کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے محرونا میں ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے انٹیلیجنس کمانڈر عباس الحسن وہبی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
امریکا کا اصفہان کی ایٹمی تنصیب پر بنکر بسٹر بم استعمال نہ کرنے کا انکشاف
فوجی ترجمان کے مطابق عباس الحسن وہبی، حزب اللہ کی ’رضوان فورس‘ بٹالین کے انٹیلیجنس چیف تھے، اور مبینہ طور پر تنظیم کو دوبارہ منظم کرنے اور اسلحہ کی منتقلی میں مصروف تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ ان کی سرگرمیاں لبنان-اسرائیل مفاہمتی معاہدے کی خلاف ورزی تھیں۔
تاہم مبصرین کے مطابق خود اسرائیل نے بھی گزشتہ کئی ماہ سے حزب اللہ کے خلاف مسلسل کارروائیاں کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی درجنوں بار خلاف ورزی کی ہے۔